کیا حصولِ ویزا کے لیے دی گئی فرضی طلاق واقع ہوگی؟


سوال نمبر:5416
السلام علیکم! اگر کوئی برطانوی ویزا کے لیے سٹام پیپرز پر فرضی طلاق ثلاثہ لکھتا ہے تو کیا طلاق واقع ہو جائے گی؟ اگر طلاق واقع ہوئی ہے تو رجوع کا کیا حکم ہوگا؟

  • سائل: شیخ بلالمقام: برطانیہ
  • تاریخ اشاعت: 15 مئی 2019ء

زمرہ: طلاق مغلظہ(ثلاثہ)

جواب:

اگر کوئی شخص بقائمِ ہوش و ہواس اپنی بیوی کو طلاق دے‘ خواہ زبانی ہو یا تحریری‘ واقع ہو جاتی ہے۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:

ثَلاَثٌ جِدُّهُنَّ جِدٌّ وَهَزْلُهُنَّ جِدٌّ النِّكَاحُ وَالطَّلاَقُ وَالرَّجْعَةُ.

تین چیزیں ایسی ہیں کہ ارادہ کے ساتھ کی جائیں یا مذاق میں کی جائیں (دونوں صورتوں میں) صحیح مراد ہیں: نکاح، طلاق اور رجوع۔

  1. أبو داود، السنن، كتاب الطلاق تفريع أبواب الطلاق، باب في الطلاق على الهزل، 2: 259، رقم: 2194، بيروت: دار الفكر
  2. ترمذي، السنن، كتاب الطلاق واللعان، باب ما جاء في الجد والهزل في الطلاق، 3: 490، رقم: 1184، بيروت: دار إحياء التراث العربي

اس لیے ویزا کے حصول کی خاطر بیوی کو فرضی طلاق ثلاثہ لکھ کر دینے سے بھی تین طلاق واقع ہو جائیں گی اور طلاقِ ثلاثہ کے بعد رجوع کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔

واللہ و رسولہ اعلم بالصواب۔

مفتی: محمد شبیر قادری

✍️ مفتی تعارف

یہ فتویٰ جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے مستند علمائے کرام نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی نگرانی میں جاری کیا ہے۔ تمام فتاویٰ کو قرآن و سنت کی روشنی میں تحقیق و تنقیح کے بعد جاری کیا جاتا ہے تاکہ اسلامی تعلیمات کی سچی اور قابلِ اعتماد رہنمائی عوام تک پہنچ سکے۔